1 دسمبر 2013 - 20:30
تھائی لینڈ، حالات کشیدہ، پانچ افراد ہلاک، درجنوں زخمی

تھائي لينڈ کے دارالحکومت بينکاک ميں حکومت کے مخالفين نے اسپورٹس کلب سے وزير اعظم شيناواترا کو فرار اختيار کرنے پر مجبور کرديا۔

ابنا: تھائي لينڈ کے دارالحکومت بينکاک ميں حکومت کے مخالفين کے پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ اتوار کو بھي جاري رہا ۔ اس رپورٹ کے مطابق وزير اعظم ينگ لک شيناواترا ايک پروگرام ميں شرکت کے لئے اسپورٹس کلب پہنچي ہي تھيں کہ حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے اسپورٹس کلب پر حملہ کرديا، جس کے بعد پوليس نے وزير اعظم کو اپنے محاصرے ميں لے کے انہيں حفاظت کے لئے  کلب سے نکال کے محفوظ مقام پر منتقل کرديا ۔ تھائي لينڈ کے  دارالحکومت بينکاک ميں وزير ا‏‏عظم، ينگ لک شينا واترا کے مخالفين نے فوجي ہيڈکواٹر کے ساتھ ساتھ کئي ديگر اہم اداروں کو بھي اپنے محاصرے ميں لے رکھا ہے ۔بينکاک سے موصولہ رپورٹوں ميں بتايا گيا ہے کہ مخالفين نے  پي بي ايس ٹيليويژن کي عمارت پر بھي  قبضہ کرليا ہے۔    رپورٹيں بتاتي ہيں کہ حالات خراب ہونے کے بعد وزير اعظم شيناواترا نے جنوبي افريقا کا سفر ملتوي کرديا ہے۔    بينکاک ميں سنيچر سے  حکومت کے حاميوں اور مخالفين کے درميان  شروع ہونے والا تصادم کا سلسلہ اتوار کو شديد تر ہوگيا ہے ۔ اس تصادم ميں اب تک  کم سے کم 5 افراد ہلاک اور درجنوں  زخمي ہوچکے ہيں۔  حکومت کے مخالفين نے  بينکاک ميں وسيع پيمانے پر  توڑ پھوڑ بھي کي ہے۔  مظاہرين وزير ا‏عظم ينگ لگ شيناواترا کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہيں۔ مظاہرين نے حکومت کي جانب سے مذاکرات کي پيشکش کو بھي مسترد کرديا ہے ۔ يہ ايسي حالت ميں ہے کہ وزير اعظم  ينگ لک شيناواترا نے اقتدار سے ہٹنے کے لئے مخالفين کے مطالبے کو مسترد کرديا ہے ليکن اسي کے ساتھ انہوں نے اعلان کيا ہے کہ مخالفين کي سرکوبي کے لئے تشدد سے کام نہيں ليا جائے گا ۔ تھائي لينڈ ميں مخالفين وزير ا‏عظم شينا واترا سے ايسي حالت ميں استعفے کا مطالبہ کررہے ہيں کہ گزشتہ دنوں ان کے خلاف تحريک عدم اعتماد ناکام ہوچکي ہے اور  شينا واترا نے پاليمنٹ سے  اعتماد کا ووٹ حاصل کرليا ہے۔......./169